اداکار آغا طالش کو مداحوں سے بچھڑے 26 برس بیت گئے

02-19-2024

(لاہور نیوز) اداکاری کے شعبے میں نصف صدی تک اپنا لوہا منوانے والے آغا طالش کو مداحوں سے بچھڑے 26 برس بیت گئے۔

پاکستان کی فلم انڈسٹری میں اکیڈمی کا درجہ رکھنے والے آغا طالش کا اصل نام علی عباس قزلباش تھا، قیام پاکستان سے قبل ممبئی میں آغا طالش نے کرشن چندر کی فلم ’’سرائے سے باہر‘‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، 1957ء میں فلم ’’سات لاکھ ‘‘ اور 1962ء میں فلم ’’شہید‘‘ نے آغا طالش کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ اداکار آغا طالش کی دیگر کامیاب فلموں میں باغی، فرنگی، عجب خان، کنیز اور تیرے عشق نچایا جیسی درجنوں فلمیں شامل ہیں، ’’زرقا ‘‘سے لے کر ’’یہ امن‘‘ تک ہر فلم میں آغا طالش نے یادگار کردار ادا کیے، انہوں نے 500 سے زائد اردو، پنجابی اور پشتو فلموں میں اداکاری کی۔ فلمی خدمات پر انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی اورنگار ایوارڈ سمیت دیگر کئی اعزازات سے نوازا گیا، 50 برس تک فلم نگری پر راج کرنے والے آغا طالش 19 فروری 1998ء کو دنیائے فانی سے رخصت ہو گئے مگر ان کی اداکاری ان کے مداحوں کو آج بھی یاد ہے۔