منشا پاشا اور جبران ناصر نے اپنی شادی کی روداد سنا دی
02-18-2024
(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ و ماڈل منشا پاشا اور سماجی کارکن جبران ناصر نے اپنی شادی کی روداد سناد ی۔
حال ہی میں اداکارہ منشا پاشا نے اپنے شوہر جبران ناصر کے ہمراہ ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کے ساتھ ساتھ اپنی شادی کی کہانی بھی سنا دی۔ پروگرام کے دوران میزبان نے منشا سے سوال کیا کہ انہوں نے پہلی شادی ختم ہونے کے بعد جبران سے دوبارہ شادی کر کے کیسا محسوس کیا؟ منشا پاشا کا کہنا تھا کہ میرا ذاتی خیال ہے ہر طلاق مختلف ہوتی ہے کیونکہ اس میں شامل لوگ اور خاندان مختلف ہوتے ہیں، اس لیے میں کسی کو مشورہ دیتے وقت ہمیشہ محتاط رہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں شادی کے ارادے کے بارے میں ہمیشہ یقین رکھتی تھی اور میں پہلی شادی کے خاتمے اور جبران سے ملاقات کے بعد جانتی تھی کہ میں ان سے شادی کرنا چاہوں گی۔ اس موقع پر جبران ناصر کا کہنا تھا کہ منشا کی چونکہ ایک شادی ناکام ہوچکی تھی لیکن اس کے باوجود میں نے ان سے شادی کا فیصلہ کیا، ہر کسی کا ایک ماضی ہوتا ہے لہذا ایک عورت کے بارے میں اسکے ماضی کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ٹھیک نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹوٹی ہوئی شادی کوئی جرم نہیں ہے کیونکہ ایک عورت بھی احساسات رکھتی ہے ہمیں بطور معاشرہ اب اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔