کراچی کنگز کا تبریز شمسی کو بڑا سرپرائز

02-18-2024

(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے لیفٹ آرم سپنر تبریز شمسی کو کھلاڑیوں نے ٹیم ہوٹل میں بڑا سرپرائز دے کر حیران دیا۔

کراچی کنگز آج سے ملتان میں پی ایس ایل 9 کی مہم کا آغاز کر رہی ہے وہ رات ساڑھے 7 بجے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں سلطانوں کے مدمقابل اتریں گے۔ میچ سے ایک روز قبل کراچی کے شیروں نے اپنے ٹیم میٹ اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم اسپنر تبریز شمسی کو بڑا سرپرائز دے کر حیران کر دیا۔ تبریز شمسی کی گزشتہ روز سالگرہ تھی جس کو کراچی کنگز کی ٹیم نے بھرپور طریقے سے منایا۔ کھلاڑی، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کے اراکین تبریز کے کمرے کے باہر جمع ہوئے اور جیسے ہی وہ کمرے سے باہر آئے انہیں اجتماعی طور پر سالگرہ کی مبارکباد دے کر حیران کر دیا۔ اس حوالے سے کراچی کنگز کی جانب سے ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیم اراکین کیک لے کر تبریز کے کمرے کے باہر پہنچے جہاں انہوں  نے دروازہ کھٹکھٹایا جب لیفٹ آرم سپنر باہر آئے تو سب نے انہیں تالیاں بجا کر اور گلے لگا کر مبارکباد دی۔ تبریز کھلاڑیوں اور ٹیم اراکین کی یہ محبت اور سرپرائز دیکھ کر حیران رہ گئے اور خوشی ان کے چہرے سے عیاں تھی۔ بعد ازاں کرکٹر نے کیک بھی کاٹا۔