کمشنر صاحب نے 8دن بعد بغیر ثبوت دھاندلی کے الزام لگائے: عطا تارڑ

02-18-2024

( لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن عطاتارڑ نے کہا ہے کہ کل ایک کمشنر صاحب کو 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی ہے جنہوں نے بغیر ثبوت دھاندلی کے الزامات لگا دیئے۔

رہنما مسلم لیگ ن عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ کمشنر صاحب آپ آراو نہ ڈی آر او ہیں اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کیے گئے، جن حلقوں سے پی ٹی آئی جیتی وہاں دھاندلی نہیں ہوئی؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے سب سے پہلے لطیف کھوسہ کو مبارکباد دی، الزام لگانے والوں کو ہمیں جواب دینا آتا ہے، جن حلقوں سے مخالف جماعتوں کو شکست ہوئی اسے تسلیم کریں۔ رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم نے خندہ پیشانی سے شکست کو قبول کیااور پیچھے نہیں ہٹے ، آپ نے وقتی طور پر کچھ نشستوں پر فتح حاصل کی ہے، آنے والا دور مسلم لیگ ن کا دور ہے، آئندہ چند روز میں پنجاب میں حکومت بنانے جارہے ہیں۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مخالف جماعت نے سوشل میڈیا کو جھوٹا بیانیہ بنانے کیلئے استعمال کیا ، ان لوگوں نے سائفر لہرا کر ملکی مفاد کو داؤ پر لگادیا۔