سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان سانحہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے: ن لیگ
02-18-2024
(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان سانحہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے، یہ ملک میں آگ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ لاہور میں لیگی رہنما عظمیٰ بخاری اور عطاء تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے یہ بلا سبب نہیں ہے ، یہ اسی سازش کی ایک کڑی ہے جو ہم پہلے دیکھتے آ رہے ہیں۔ ’انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے‘ انہوں نے کہا کہ کل سے ملک میں ایک ہیجان کی کیفیت بنائی ہوئی ہے، ڈسکہ الیکشن کی مثال آپ کے سامنے ہے، انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے، الزام لگانے والوں کو جواب دینا ہمیں آتا ہے، کمشنر راولپنڈی کا الیکشن کمیشن یا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ کل بتاتے، کمشنر راولپنڈی نہ آر او تھے اور نہ ہی ڈی آر او، ان کی کوئی پوزیشن نہیں تھی، ڈی آر او اور آر اوز الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوتے ہیں۔ ’سوشل میڈیا پر مختلف ڈی آر اوز کی تصاویر لگا کر خوفناک صورتحال پیدا کی جا رہی‘ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مختلف ڈی آر اوز اور ان کے بچوں کی تصاویر لگا کر خوفناک صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان سانحہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے، سابق کمشنر راولپنڈی نے بغیر ثبوت بات کر دی، یہ ملک میں آگ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایمبولینسز اور بینک جلائے گئے، افواج پاکستان کیخلاف سازش کی گئی، ریاست اور سیاست کے خلاف ہم یہ سازش دیکھ چکے ہیں، یہ اب بھی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ اپنے انتشار انگیز رویوں سے باز نہیں آ رہے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ساری سازش بیرون ملک سے کی جا رہی ہے، 9 مئی سے پہلے بانی پی ٹی آئی کیخلاف وارنٹس آ رہے تھے، وارنٹ لے کر ان کی رہائشگاہ جاتے تو وہاں جتھے بٹھا دیئے جاتے، پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلانا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کیا دیکھ رہی ہے کس چیز کا انتظار کر رہی ہے، اس شخص کے کردار کے بارے میں سب کو پہلے سے پتہ ہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نفرت انگیز مواد بیچ رہے ہیں، نگران حکومت ان بلوائیوں اور جتھوں کو روکے۔ بیرونی سازش کے تحت الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی: عطا تارڑلیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا ورکر ارسلان نے سب گروپس میں میسج فارورڈ کرنے کا کہا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکر نے واٹس ایپ گروپ میں سب کو مطلع کیا کہ لیاقت چٹھہ صاحب پریس کانفرنس کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارسلان کے واٹس ایپ میسج کا سکرین شاٹ موجود ہے، جہاں سے یہ جیت جاتے ہیں وہاں فیئر الیکشن اور جہاں ہار جائیں وہاں دھاندلی؟ ان کا یہ دہرا معیار نہیں چل سکتا، یہ بیرونی سازش کے تحت الیکشن کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے اس ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی، شہدا کی یادگاروں کو مسمار کرنا اور آئی ایم ایف کو خط لکھنا کہ پاکستان کو امداد نہ دیں یہ آپ کا وتیرہ ہے، لیاقت چٹھہ کو ریٹائرمنٹ سے پہلے استعفیٰ کا خیال کیوں آیا؟ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کا پی ٹی آئی سے تعلق ثابت ہوگیا ہے۔ عطاتارڑ نے مزید کہا کہ کیا آر اوز اور ڈی آر اوز کی تصاویر لگانا دہشتگردی نہیں ہے، نگران حکومت آر اوز کو دھمکیاں دینے پر سخت ایکشن لے۔ ملک میں انارکی پیدا کی جارہی ہے: عظمیٰ بخاریلیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آر اوز اور ڈی آراوز کو دھمکا کر لیاقت چٹھہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انارکی پیدا کی جارہی ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی لیاقت چٹھہ کی نئی کہانی سامنے لے کر آئی، لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس سے قبل اسلم اقبال سے ملاقات کی۔