پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب میں علی ظفر نے دھوم مچا دی
02-18-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ کے میگا ایونٹ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر کی شاندار پرفارمنس نے دھوم مچا دی۔
17 فروری کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ، نتاشہ بیگ اور عارف لوہار سمیت دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا لیکن اس تقریب میں سب سے زیادہ چرچے علی ظفر کی زبردست پرفارمنس کے ہوئے جنہوں نے اپنے تمام “پی ایس ایل ترانوں” کو شاندار انداز میں ایک بار پھر شائقین کرکٹ کے سامنے پیش کیا۔ علی ظفر نے اپنی پرفارمنس کا آغاز کرتے ہوئے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ “اب کھیل کے دکھا” گایا، اس کے بعد گلوکار نے پی ایس ایل 2 کا آفیشل ترانہ “اب کھیل جمے گا” شائقین کرکٹ کے سامنے پیش کیا جس کی دُھن میں شائقین جھومتے نظر آئے۔ گلوکار نے اپنی پرفارمنس کو آگے بڑھاتے ہوئے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ “دل سے جان لگا دے” پر پرفارم کیا اور آخر میں اُنہوں نے گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ ملکر پی ایس ایل 9 کے آفیشل ترانے “کُھل کر کھیل”پر اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب میں علی ظفر کی واپسی پر شائقین کرکٹ خوشی سے نہال ہوگئے اور سوشل میڈیا پر گلوکار کی تعریفیں کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے نظر آئے۔ واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی نے سماں باندھ دیا جبکہ تقریب کے دوران لیزر شو کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔