علی ظفر نےعاطف اسلم کیساتھ دشمنی پر پہلی بار ردعمل دیدیا

02-18-2024

(ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے پہلی بار اپنی اور عاطف اسلم کی دشمنی پر خاموشی توڑ دی ۔

علی ظفر نے حال ہی میں کامیڈین اداکار اورمیزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی ، جہاں انہوں نے عاطف اسلم کے ساتھ اپنی دشمنی کے بارے میں بھی بات کی۔ علی ظفر نے کہا کہ پہلے میں اور عاطف ایک ساتھ گھومتے پھرتے تھے لیکن اب ہم دونوں کی اپنی زندگی اور کامیاب کیریئر ہے تو شاید اسی وجہ سے ہم دونوں ملتے نہیں اور نہ ہی ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ گلوکار نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اس بات پر یقین رکھا ہے کہ فنکاروں کے درمیان دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہیے اور ایک مثبت ماحول میں مل کر کام کرنا چاہیے، فنکاروں کے درمیان مقابلے کی جنگ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہر فنکار کے عروج کا ایک وقت ہوتا ہے، عروج اور زوال فنکار کے کیریئر میں لازمی ہوتا ہے۔ اُنہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جہاں آج میں ہوں وہاں کل کوئی دوسرا فنکار ہوسکتا ہے، اسی طرح شہرت کی جس بلندیوں پر آج عاطف اسلم ہیں وہاں کل کوئی دوسرا گلوکار بھی ہوسکتا ہے۔ علی ظفر نے کہا کہ ہر ایک کا زندگی گزارنے کا اپنا طریقہ ہوتا ہے، جس کو جیسے ٹھیک لگتا ہے وہ ویسے زندگی گزارتا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں مل بیٹھ کر کام کرنا چاہیے۔ گلوکار نے کہا کہ عاطف اسلم نے کبھی میری تعریف نہیں کی لیکن میں نے ہمیشہ اُن کی اور اُن کے کام کی تعریف کی، میں اُن کی عزت کرتا ہوں اور دُعا کرتا ہوں کہ اُنہیں زندگی میں مزید کامیابیاں نصیب ہوں۔ اُنہوں نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ان سب باتوں کا خلاصہ یہی ہے کہ عاطف اسلم اپنی الگ دنیا میں رہنا چاہتے ہیں۔