راحت فتح علی خان نے سابق منیجر پر بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرادیا

02-18-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈ گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے سابق منیجر سلمان احمد پر بلیک میلنگ اور یو ٹیوب چینل کے بغیر اجازت استعمال پر مقدمہ کردیا۔

راحت فتح علی خان نے سابق منیجر سلمان احمد کے خلاف ایف آئی اے لاہور کے سائبر کرائم سرکل میں شکایت درج کرادی ہے۔ راحت فتح علی خان نے  مؤقف اختیار کیا کہ مختلف پیشہ ورانہ خدمات کے ساتھ سلمان احمد کو منیجر کی ذمہ داری بھی سونپی تھی، سلمان احمد مجھے بدنام اور بلیک میل کرنے اور دھمکیاں دینے میں ملوث ہے۔ گلوکار نے یہ بھی کہا کہ سلمان احمد نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر اس کے ساتھ کام کرنا بند کیا تو وہ میرا کیریئر تباہ کر دے گا، ایسی ویڈیوز بھی لیک کرنے کی دھمکی دی جس سے مجھے اور  میرے خاندان کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلمان احمد نے میرے یوٹیوب چینل کا غیر قانونی طور پر کنٹرول بھی سنبھال لیا، غیر قانونی طور پر اس کا لوگو اور نام تبدیل کردیا، میرے یوٹیوب چینل کے 7.96 ملین سبسکرائبر ہیں، یوٹیوب اکاؤنٹ کو چالاکی سے ایڈٹ کیا گیا، جس سے مجھے مالی نقصان ہوا۔ گلوکار کے مطابق سلمان احمد متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور اس کا یہ عمل وہاں کے قوانین کے بھی منافی ہے۔ دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ سلمان احمد نے اس سے قبل راحت فتح علی خان کے الزامات کی تردید کی تھی، سلمان احمد نے اس بات پر افسوس کا بھی اظہار کیا تھا کہ راحت فتح علی خان سے ان کا 12 سالہ رشتہ ختم ہوگیا۔ واضح رہے سلمان احمد سے تعلق ختم کرنے کے اعلان ساتھ ہی راحت فتح علی خان کی تشدد کرتے ویڈیو جاری ہوئی تھی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان احمد نے راحت فتح علی خان کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے کیلئے یہ ویڈیو بنائی تھی۔