کمشنر راولپنڈی کے الزامات: الیکشن کمیشن نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی

02-18-2024

(لاہور نیوز) کمشنر راولپنڈی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کمیشن کے معزز اراکین شریک ہوئے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی چھان بین کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی  تشکیل دے دی گئی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سینئر ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی کریں گے، کمیٹی میں سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قانون شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس اتوار کو ہو گا، سینئر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے اس سلسلہ میں بیانات قلمبند کرے گی، کمیٹی تین دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور دیگر قانونی چارہ جوئی کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔