سیاسی جماعتوں کی احتجاج کی کال، شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

02-17-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کی کال کے باعث شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

 پی ٹی آئی نے انتخابات میں دھاندلی پر آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے، احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری پریس کلب اور مال روڈ پر موجود ہے، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے بڑی تعداد میں پریزن وینز بھی لاہور پریس کلب کے باہر موجود ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی جماعت کو احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی، کارکنوں کو احتجاج نہیں کرنے دیں گے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے  سختی سے نمٹا جائے گا۔ ادھر لاہور پریس کلب کے باہر  جماعت اسلامی کے خواتین ونگ کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے، احتجاج میں بچے بھی شامل ہیں، مظاہرین نے فلسطین اور جماعت اسلامی کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی جاری ہے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ 17 فروری یوم غزہ پر مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں پر ظلم و ستم بند کیا جائے۔