وزیراعلیٰ محسن نقوی کی بابو صابو ٹول پلازہ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

02-17-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بابو صابو ٹول پلازہ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے بابو صابو ٹول پلازہ کا دورہ کیا اور ٹول پلازہ کو کشادہ کرنے اور ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے ٹول پلازہ کے دونوں اطراف جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ پر رات کو لیبر فورس کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، بابو صابو ٹول پلازہ کی کشادگی اور ری ماڈلنگ سے ٹریفک جام کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابو صابو کے مقام پر ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو آمدورفت میں بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، پوری کوشش ہے کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔