عمران عباس کی بھارتی پنجابی فلم 'جی وے سوہنیا جی' ریلیز ہوگئی

02-17-2024

(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار عمران عباس کی پہلی بھارتی پنجابی فلم ‘جی وے سوہنیا جی’ بھارت سمیت دیگر کئی ممالک کے سینما گھروں میں ریلیز کردی گئی۔

عمران عباس کی فلم ‘جی وے سوہنیا جی’ 16 فروری کو بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کی گئی، مداحوں کی جانب سے فلم کی کہانی کو کافی پسند کیا جارہا ہے۔ اس فلم کے ذریعے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھی بھارتی میوزک انڈسٹری میں دوبارہ واپسی کی ہے، فلم ‘جی وے سوہنیا جی’ میں عاطف اسلم کا پنجابی گانا شامل ہے جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے مداح بہت خوش ہوگئے ہیں۔ اس فلم میں عمران عباس کو پاکستانی پنجابی لڑکے کے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھارتی پنجابی لڑکی سے محبت کر بیٹھتا ہے۔ ‘جی وے سوہنیا جی’ میں تقسیم ہند کی وجہ سے پنجاب کے دو حصوں میں تقسیم ہونے کی کہانی دکھائی گئی ہے، اس کے علاوہ واہگہ بارڈر سمیت پاکستانی اور بھارتی پنجاب کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔ فلم میں عمران عباس کے علاوہ تمام بھارتی اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں سیمی چاہل، منتو کاپا، اڈایا وکاتی، امن بال اور سوارج سندھو سمیت دیگر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ فلم ‘جی وے سوہنیا جی’ کی ریلیز سے قبل متحدہ عرب امارات میں اس فلم کا ورلڈ پریمیئر ہوا تھا جس میں فلم کی کاسٹ سمیت پاکستان اور بھارت کی کئی معروف شوبز شخصیات نے شرکت کی تھی جن میں بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل اور پاکستانی سٹار ریما خان بھی شامل تھیں۔