مہوش اور طلحہ پر ویلنٹائن کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا

02-17-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ مہوش حیات اور نئے ابھرتے اداکار طلحہ چہور کا ویلنٹائن کیلئے کروایا گیا فوٹوشوٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

مہوش حیات کا شمار پاکستان کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کا سکرین پر ایک خاص جادو ہے اور وہ جس بھی پراجیکٹ کا حصہ بنتی ہیں اپنے اسی ایک خاص جادو کی مدد سے اسے کامیاب بنا دیتی ہیں۔ اداکارہ نے طلحہ چہور کے ساتھ محبت کے عالمی دن  ویلنٹائن ڈے  کی مناسبت سے ایک فوٹوشوٹ کروایا ہے جس سے نجی میگزین کا ویلنٹائن کور تیار کیا گیا ہے۔ اس فوٹو شوٹ میں دونوں فنکاروں کی پرکشش شخصیت پر وینٹج فیشن کا رنگ چڑھایا گیا اور ارد گرد کے ماحول اور رنگوں کا خاص استعمال ان تصاویر میں پرانے زمانے کے رنگ بھر ر ہے ہیں۔ اس فوٹو شوٹ میں مختلف لکس لیے گئے ہیں، کہیں مہوش حیات نے پیلا پولکا ڈاٹ لباس پہن کر ہیئر بینڈ کے ساتھ مخصوص ہیئر سٹائل بنائے اور 70 کی دہائی کے فیشن کی عکاسی کی تو طلحہ بھی اس دور میں مردوں میں پہنا جانے والا لباس پہنے دکھائی دیئے۔ علاوہ ازیں طلحہ نے کتھئی سوٹ کے ساتھ آف وائٹ شرٹ اور پرنٹڈ ٹائی پہنی جبکہ مہوش حیات ونٹیج فیشن کو خود پر طاری کرتے ہوئے سیاہ گاؤن اور میچنگ گلووز پہنے نظر آئیں جبکہ گلے میں سفید موتیوں کا ہار پہن کر اپنے لک کو چارچاند لگا دیئے۔ دیگر لکس میں میچنگ سفید لباس شامل ہیں، مہوش حیات نے سبز پولکا ڈاٹ ساڑھی بھی پہنی جبکہ طلحہ چہور جامنی پرنٹڈ شرٹ، پینٹ اور لیدر جیکٹ پہنے نظر آرہے ہیں۔ ان تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے متضاد تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں، کسی کو یہ فوٹو شوٹ پسند آیا تو متعدد اس پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔