کار اور مزدا ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق
02-17-2024
(لاہور نیوز) مریدکے میں کار اور مزدا ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 خواتین شدید زخمی ہو گئی ہیں۔
ٹریفک کا افسوسناک حادثہ مریدکے کے علاقے میں پیش آیا جہاں تیز رفتار کار لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے مین جی ٹی روڈ پر ریان پورہ کے قریب ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سامنے سے آنے والے مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ مزدے کا سامنے والا حصہ بری طرح متاثر ہوا، مزدا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کار سوار ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 3 خواتین شدید زخمی ہوئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، دو مرد اور تین بچے شامل ہیں، ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی کی باڈی کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا اور قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والی خواتین کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔