ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ

02-16-2024

(لاہور نیوز) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی،مہنگائی کا مجموعی پارہ 34 اعشاریہ 25 فیصد کی سطح پر آگیا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 78 فیصد کمی ہوئی ہے، ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کے دام بڑھ گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 73 پیسے، دال ماش 1 روپے 92 پیسے، بیف کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 12 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق 7روز میں چینی کی قیمت میں معمولی اضافہ جبکہ آلو،ماچس،کیلے سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا۔ ایک ہفتے میں چکن ،انڈے سمیت 11 اشیاء سستی ہوئیں، انڈے 113 روپے 34 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 83 پیسے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 31 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ ایل پی کا گھریلو سلنڈر، گڑ، گندم کا آٹا بھی سستا ہوا۔ علاوہ ازیں ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں بریڈ، تازہ اورخشک دودھ سمیت 18 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔