دسمبر کےدوران ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟جانئے

02-16-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کی بڑی صنعتوں نے دسمبر کے دوران گزشتہ 21 ماہ کی سب سے زیادہ پیدوار کا دعویٰ کیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات  کی جاری کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بڑی صنعتی پیداوار میں دسمبر 2022 کے مقابلے میں دسمبر 2023 کے دوران 3 اعشاریہ 43 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اگر نومبر 2023 سے موازنہ کیا جائے تو صنعتی پیداوار دسمبر 2023 کے دوران 15 اعشاریہ 69 فیصد بڑھی ہے، تاہم اگررواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کا جائزہ لیں تو صنعتی پیداوار میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران صفر اعشاریہ 39 فیصد کمی نظر آتی ہے۔  ادارہ برائے شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر 2022 کے مقابلے میں جولائی تا دسمبر 2023 کے دوران خوراک، مشروبات، کپڑے، پیٹرولیم مصنوعات، کیمیات، کھاد، ادویات، غیرمعدنی اشیا، مشینری اور دیگر سامان کی پیداوار میں اضافہ نظر آتا ہے جبکہ تمباکو، لوہے اور اسٹیل، بجلی کے سامان، فرنیچر اور دیگر کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔