کپل شرما کا پاکستانی یوٹیوبر نادر علی سے رابطہ، بھارتی کامیڈین نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا

02-16-2024

(ویب ڈیسک) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کےمطابق معروف پاکستانی یوٹیوبر نادر علی نے بھارتی کامیڈین کی جانب سے موصول ہونے والی کال اور گفتگو کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور بتایا کہ کپل بھائی جلد لاہور آرہے ہیں۔کال کے آغاز پر کپل شرما نے نادر علی سے حال چال پوچھ کر اُن کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کو اتنا پسند کرتا ہوں اور ابھی آپ کا شو دیکھ رہا تھا، آپ بہت اچھا بولتے اور شو کو لے کر چلتے ہیں‘۔ کپل شرما نے نادر علی کے ساتھ کام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ہم کبھی ساتھ میں ایک شو کریں اور وہ دبئی میں ہوگا‘۔بھارتی کامیڈین نے کہا کہ میرا تعلق امرتسر سے ہے اور میرا خیال ہے کہ آپ کا تعلق بھی لاہور سے ہے، میرے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور سے تھا۔ کپل نے کہا کہ ’میں آپ کو بہت پسند کرتا ہوں، کسی دن ہم دبئی میں ملتے ہیں‘۔ اس پر نادر علی نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’لازمی کپل بھائی، یہ تو کوئی کہنے کی بات ہی نہیں ہے‘۔بھارتی کامیڈین نے کہا کہ ’برادر ہم نے کچھ اچھی چیزیں بنائی ہیں اور میری خواہش ہے کہ آپ بھی اُس میں حصہ لو اور مجھے بتاؤ، میں دبئی جب بھی آتا ہوں آپ کو کال کروں گا پھر ہم مل کر ساری چیزیں طے کرلیں گے‘۔