لاہور میں فضائی آلودگی نے مستقل بنیادوں پر ڈیرے ڈال لئے

02-16-2024

(لاہور نیوز) لاہور میں فضائی آلودگی نے مستقل بنیادوں پر ڈیرے ڈال لئے۔ اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس کا پنڈولم تین سو سے چار سو کی سطح کے درمیان جھولنے لگا۔

موسم کی تبدیلی کے ساتھ سموگ سے تو جان چھوٹ گئی لیکن آلودگی کے مضبوط قدم نہ اُکھاڑے جا سکے، باغوں کے شہر لاہور میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس کئی روز سے تین سے چار سو کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے جسے انتہائی الارمنگ صورت حال قرار دیا جا رہا ہے، خصوصا اِس صورت میں کہ آلودگی کی موجودہ صورت حال میں بیرونی عوامل کا بھی کوئی عمل دخل باقی نہیں رہا۔ ماہرین قرار دیتے ہیں کہ شہر کا بے ہنگم پھیلاؤ، گردوغبار اور پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث پرائیویٹ گاڑیوں کا زیادہ استعمال آلودگی میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، اِن عوامل کی بنا پر آلودگی کا تناسب کم ہونے میں نہیں آتا، اِن حالات میں تمام نظریں ایک مرتبہ پھر بارش کے لئے آسمان پر جم چکی ہیں۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ گرمیوں کے دوران صورت حال میں بہتری کے امکانات ہیں۔