سلمان اکرم راجہ کس حیثیت سے آر او کے دفتر گئے تھے: عون چودھری

02-16-2024

(ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے کہا ہے کہ میں این اے 128 لاہور سے کامیاب ہوا، سلمان اکرم راجہ کس حیثیت سے آر او کے دفتر گئے تھے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چودھری نے کہا کہ مجھے کامیابی کا نوٹیفکیشن 9 تاریخ کو ملا، وکلاء برادری ہمارے لئے بہت قابلِ عزت ہے ، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آفیسر لاہور کی طرف سے ایک رپورٹ ملی، سلمان اکرم راجہ کے لوگوں نے لاہور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پر تشدد کیا اور پھینک دیا، یہ سمجھتے ہیں اپنے کالے کوٹ میں جو کچھ کریں گے وہ قانون ہے، ہم لوگ جو کریں گے وہ قانون نہیں ہے۔ عون چودھری نے کہا کہ 8 اور 9 فروری کی رات ان کے لوگ آر او کے دفتر پر دھاوا بولتے ہیں، ان کے لوگوں نے اپنی مرضی کے رزلٹ بنانے کیلئے زور دیا، ہمارے تو کوئی خاندان کا بندا آر او کے دفتر میں نہیں تھا، سلمان اکرم راجہ اپنے 70 لوگوں کے ساتھ آر او آفس گئے، ان کے لوگوں نے آر او آفس میں ہوائی فائرنگ کی، جب ہم نے اعتراض کیا تو وہاں ایک ماحول بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اگلے دن فارم 47 ملا اور جیت کا پیغام چلا، سلمان اکرم راجہ نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور سٹے لیا، جو جیت جاتا ہے ہم اس کو مبارکباد دیتے ہیں۔ عون چودھری نے مزید کہا کہ یہ ایک ہی گردان کر رہے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، ہم اس ملک کے ساتھ کسی کو نہیں کھیلنے دیں گے، یا آپ سیاست کر لیں یا فاشزم کر لیں، کالاکوٹ پہن کر باقی لوگوں کی عزت کو خراب نہ کریں،آپ جمعہ جمعہ آٹھ دن میں سوکالڈ لیڈر بنے ہیں۔