پی ٹی آئی نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کے ثبوت موجود ہیں: مریم اورنگزیب
02-16-2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کے ثبوت موجود ہیں۔
مریم اورنگزیب نے عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابھی انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے جھوٹے کی پٹاری کھلنے والی ہے، پی ٹی آئی نے جھوٹا بیانیہ بنایا، انہوں نے سب سے زیادہ ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کے ثبوت موجود ہیں، ہم نے تمام تصدیق شدہ چیزیں الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہیں۔ مسلم لیگ ن رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سیکڑوں کی تعداد میں جعلی فارم 45 سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے گئے، فارم 45 بنتے ہوئے وقت لگتا ہے، پریذائیڈنگ افسر سکیورٹی میں ریٹرننگ آفس جاتا ہے اور فارم 45 جمع کراتا ہے، پی ٹی آئی نے عجلت میں فارم 45 تیار کئے ہیں، محض 5 یا 10 فیصد ابتدائی رزلٹ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے گئے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کو متنازع بنا کر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی اور اس کیلئے ڈیجیٹل دہشتگردی پر 100 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ آپ کہتے تھے کیا ہم غلام ہیں ،ہاں آپ غلام ہیں: عطا تارڑ لیگی رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آپ جشن منا رہے ہیں اور پنجاب میں دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں، اگر دھاندلی ہوتی تو کیا رانا ثنا اللہ اور سعد رفیق ہارتے؟ آپ نے ڈیجیٹل دہشتگردی کی ہے اور اب بیرونی طاقتوں کو آواز دے رہے ہیں، اب کہہ رہے ہیں کہ امریکا میری مدد کرے ، آپ کہتے تھے کیا ہم غلام ہیں ،ہاں آپ غلام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسی معلومات بھی ہیں جہاں پولنگ سٹیشن پر میڈیا کے لوگ نہیں تھے، میں نے تب رزلٹ بھیجے جب تصدیق شدہ فارم 45 آنا شروع ہوئے، میں سلمان اکرم راجہ کی طرح پہلی بار اس فیلڈ میں نہیں آ رہا، میرے پولنگ ایجنٹ نے صبح سے لیکر رات تک پولنگ سٹیشن میں ڈیوٹی دی، میں نے میڈیا گروپ میں فارم 45 شیئر کئے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ آپ متضاد اور جھوٹے فارم 45 بنا رہے تھے کیونکہ آپ ہار چکے تھے، آپ نے جعلی فارم 45 پر اپنی فتح کا جشن منانا شروع کر دیا، اگر ن لیگ نے دھاندلی کرنی ہوتی تو تمام حلقوں میں کرتی۔ رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم حکومت بنانے جا رہے ہیں ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہیں، اگلے دن کہا ہم ہار رہے ہیں، اس پوزیشن میں نہیں کہ ہم حکومت بنائیں، آپ پہلے فتح کا اعلان کرتے ہیں پھر شکست کا اعلان بھی خود ہی کر دیتے ہیں۔ ہم بھی ایک وائٹ پیپر تیار کر رہے ہیں : مریم اورنگزیب مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم بھی ایک وائٹ پیپر تیار کر رہے ہیں ، آپ جعلی اور اصلی فارم 45 کا فرانزک کرا لیں، 2018 میں آر ٹی ایس بیٹھا تھا اور ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا تھا، ہارنے پر ہم نے تو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی نہیں کی، یہ جو جرم کرتے ہیں اس کو پورا آرگنائز کرتے ہیں، یہ جرم پر پورا ایک بیانیہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ان کو ہم سے اعتراض ہے کہ مسلم لیگ ن ایسا کیوں نہیں کر رہی، الیکشن رزلٹ آ گئے ہیں یہ بے نقاب ہو گئے ہیں، ان کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں ہے، اگر ان کے پاس دکھانے کو کچھ ہوتا تو اسلام آباد میریٹ ہوٹل میں پریس کانفرنس نہ کر رہے ہوتے۔ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمٰن کے اتحاد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جن مولانا صاحب کو میں جانتی ہوں یہ اتحاد مجھے ہوتا نظر نہیں آرہا، مولانا صاحب کی جماعت سیاسی جماعتوں کی طرح اپنا اعتراض الیکشن کمیشن میں جمع کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت میں فارن فنڈنگ کے ذریعے فارن ایجنٹ موجود ہیں، فارن ایجنٹس کا سربراہ بانی پی ٹی آئی خود ہیں ، آپ کو آج بھی کوئی اعتراض ہے تو اس کا فورم انٹرنیشنل میڈیا یا امریکا نہیں ہے، اعتراض دائر کرانے کا فورم الیکشن کمیشن اور عدالتیں ہیں۔