کنزہ ہاشمی بھی بھارتی فلم میں کام کریں گی

02-16-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کنزہ ہاشمی کو بھارتی پنجابی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا۔

کنزہ ہاشمی اور بھارتی اداکار جیسی گل نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی نئی آنے والی بھارتی پنجابی فلم کا پوسٹر شیئر کیا جس میں بتایا گیا کہ فلم کا نام ’حال کی اے‘ ہے، اس فلم کی کہانی امان سندھو اور طیب مدنی نے لکھی ہے جبکہ اسے طیب مدنی، امن پریت سنگھ اور رجوندر سنگھ نے پروڈیوس کیا ہے۔ پوسٹر میں بتایا گیا کہ فلم ’حال کی اے‘ میں کنزہ ہاشمی کے علاوہ پاکستانی پنجابی کامیڈی اداکار ہنی البیلا بھی جلوہ گر ہوں گے جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں نشا بانو، سمیر ماہی اور کرم جیت انمول شامل ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اس فلم میں کنزہ ہاشمی پاکستانی لڑکی کے کردار میں نظر آئیں گی لیکن اس حوالے سے ابھی تک اداکارہ نے تصدیق نہیں کی ہے۔ کنزہ ہاشمی اور بھارتی اداکار جیسی گل کی یہ فلم نومبر 2024 میں ریلیز کی جائے گی تاہم ابھی تک فلم کی کہانی سامنے نہیں آئی ہے۔ واضح رہے کہ اگست 2023 میں کنزہ ہاشمی بھارتی اداکار کرن واہی کے ساتھ بھارتی گانے میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔ کنزہ ہاشمی سے قبل پاکستانی اداکار عمران عباس نے بھی اپنی بھارتی پنجابی فلم کا اعلان کیا تھا جوکہ رواں ماہ فروری میں ریلیز ہوگی۔