گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری، گھریلو صارفین کیلئے 12 سلیبس متعارف

02-16-2024

(لاہور نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں 67 فیصد تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری 2024 سے ہو گا، گھریلو صارفین کیلئے 12 سلیبس متعارف کروا دیئے گئے، پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی کم از کم قیمت 200 اور زیادہ سے زیادہ 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی کم از کم قیمت 500 اور زیادہ سے زیادہ 4 ہزار 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی، پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے 400 روپے اور نان پروٹیکٹڈ صارفین سے ایک ہزار روپے فکس چارجز وصول کئے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہسپتالوں، دفاع، سرکاری اداروں اور رہائشی کالونیوں کیلئے گیس کی قیمت 2 ہزار 900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی جبکہ کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمت 2 ہزار 750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ روٹی تندور کیلئے گیس کی کم از کم قیمت 110 روپے اور زیادہ سے زیادہ 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ، بیکریز، کیفے اور ہوٹلوں کیلئے گیس کی قیمت 3 ہزار 900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل انڈسٹری کیلئے گیس کی قیمت 2 ہزار 150 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، سی این جی سیکٹر کیلئے 3 ہزار 750 روپے ، سیمنٹ انڈسٹری کیلئے 4 ہزار 400 روپے، کے الیکٹرک اور پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمت 1 ہزار 50 روپے، کھاد کے کارخانوں کیلئے گیس کی قیمت 1 ہزار 597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔