اپٹما نے گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ مسترد کر دیا

02-15-2024

(لاہور نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے بھی حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مسترد کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپٹما کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی 246 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اگر حکومت نے اس مسئلے پر توجہ نہ دی تو پھر صنعتیں بند کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت صرف 3 سے 4 فیصد مارجن پر کاروبار کرتی ہے، دنیا بھر میں گیس کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ ہمارے ہاں قیمتوں میں اضافے کے باعث 60 سے 70 فیصد صنعتیں بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں جس سے لاکھوں افراد بیروزگار ہوں گے۔ اپٹما کے ریجنل چیئرمین کامران ارشد کا کہنا تھا کہ اس وقت گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت 2 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے،ایسی صورتحال میں صنعت نہیں چلا سکتے، حکومت نے بجلی کے یکساں ریٹ دینے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن اس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے حکومت کو باور کروایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے برآمدات کو شدید دھچکا پہنچے گا جس کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا، نئی آنے والی حکومت کو بھی فوری طور پر ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرنے  ہوں گے۔