9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہمیشہ کی طرح انتشار چاہتے ہیں: مریم اورنگزیب
02-15-2024
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما و سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہمیشہ کی طرح ملک میں صرف اور صرف انتشار اور فساد چاہتے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کبھی کہتے ہیں ہم نے 180 سیٹیں جیتی ہیں، کبھی کہتے ہیں 150، کبھی کہتے ہیں پی پی پی سے رابطے میں ہیں، کبھی کہتے ہیں پی پی پی سے رابطے میں نہیں ہیں، یہ کہتے ہیں مسلم لیگ ن سے رابطہ نہیں کریں گے، او بھائی آپ سے رابطہ کیا کس نے ہے۔ اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کبھی کہتے ہیں حکومت بنائیں گے، تو بناؤ بھئی، کہتے ہیں کے پی کے میں الیکشن کمیشن نے کوئی دھاندلی نہیں کی اور پنجاب میں جہاں جیتے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کو شاباش اور جہاں ہارے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کا گھیراؤ اور احتجاج۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کے پی کے میں سارے فارم 45 ٹھیک ہیں اور پنجاب میں جہاں ہارے ہیں وہاں کے فارم 45 سب جعلی ہیں اور جہاں جیتے ہیں وہاں کے فارم 45 سب ٹھیک، کیا دماغی حالت ہے ؟