پاکستان سپر لیگ 2024ء سیزن 09، پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل
02-15-2024
(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ 2024ء سیزن 09 کے حوالے سے پنجاب پولیس کے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل ہو گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے پرامن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے پہلے سے بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے ہم آہنگی مکمل ہے، پنجاب میں میچز پر 20 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ میچز کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف اقدامات یقینی بنائے جائیں، کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس اور سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، خواتین شائقین کرکٹ کی سکیورٹی، چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ٹریفک کا بلاتعطل بہاؤ، مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس ٹیمیں میچز کے دوران موثر پٹرولنگ کریں، سٹیڈیمز کے داخلی اور خارجی راستوں، انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے، شہریوں کی آگاہی، ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ اضلاع قبل از میچز ٹریفک ایڈوائزری جاری کریں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا شائقین کرکٹ محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس کی ہدایات پر عمل کریں، پاکستان سپر لیگ 2024ء سیزن 09 کے پنجاب میں مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور میں 09، ملتان میں 05 جبکہ راولپنڈی میں بھی 09 میچز کھیلے جائیں گے۔