پاکستان تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا

02-15-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا 10 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی معاملات پر مشاورت کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے، وہی وزیراعظم ہو گا۔ اسد قیصر کا کہنا تھا الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے اور قانونی جنگ بھی لڑیں گے ، ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے، مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا جے یو آئی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے، عوام نے جس کو ووٹ ڈالا حکومت اس کا حق ہے، ہم اسمبلی میں احتجاجاً جائیں گے اور عوام کے سامنے بھی مؤقف پیش کریں گے۔