مینڈیٹ چوری کرنے والوں نے نوازشریف کا مینڈیٹ بھی چرا لیا: بابراعوان
02-15-2024
(لاہور نیوز) رہنما پی ٹی آئی اور معروف قانون دان بابر اعوان نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں نے اپنا چیف نواز شریف کو چنا تھا،وہ ن لیگ کا مینڈیٹ بھی چوری کر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جیتے ہیں تو بتائیں اب وہ کدھر ہیں ؟ کئی بار وزیراعظم رہنے والے پھر وزارت عظمیٰ کے لیے ٹرائی کر رہے ہیں۔ بابر اعوان نے کہا شریف برداران آزمائے ہوئے نہیں بلکہ ٹھکرائے ہوئے ہیں پھر بھی اقتدار سے للچائے ہوئے ہیں، نوازشریف پہلے ہی 4بار وزیراعظم رہ چکے ہیں، نوازشریف کو پہلے 3بار این آراو کے ذریعے وزیراعظم بنایا گیا۔ رہنما پی ٹی آئی کاکہنا تھا اب نوازشریف کا بھائی وزیراعظم بن رہا ہے، شہبازشریف 3بار وزیراعلیٰ پنجاب رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی جمہوریت نہیں ہوگی جب تک قیدی نمبر 804کو رہا نہیں کیا جاتا، جن کے خلاف مقدمات تھے ان کو این آر او کے ذریعے چھوڑا جاچکا ہے۔ بابراعوان کا کہنا تھا کہ جمہوریت ووٹ کے گھر کی باندھی ہے جہاں ووٹ جائے گا جمہوریت بھی ادھر ہی جائے گی، ہماری وفاق اور پنجاب میں اکثریت واضح ہے، اس وقت لوٹوں کا لنگر چل رہا ہےاور قیمتیں لگ رہی ہیں۔ رہنما پی پی آئی نے کہا کہ پہلے بھی کہتا رہا نوازشریف وزیراعظم نہیں ہے، پہلے نوازشریف کے ساتھ کوئی اور ہاتھ کرتا رہا اس بار شہبازشریف نے ہاتھ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان بڑے زبردست بیان دے رہے ہیں، توقع کرتا ہوں مولانا فضل الرحمان اپنی پوزیشن واضح کریں اپوزیشن کرنا چاہتے ہیں یا اپنا ریٹ بڑھا رہے ہیں۔