پی ایس ایل 9 کا ماحول نہ بننے پر بورڈ پریشان، تشہیری بجٹ بڑھا دیا

02-15-2024

(ویب سائٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا ماحول نہ بننے پر بورڈ بھی پریشان ہوگیا، تشہیری بجٹ میں اضافہ کردیا۔

گزشتہ روز چیئرمین محسن رضا نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا لاہور میں اجلاس ہوا۔ اس موقع پر شرکاء نے پی ایس ایل 9 کی ہائپ نہ بننے کا نکتہ اٹھایا۔ بیشتر کی رائے تھی کہ ملک میں اتنا بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے مگر کوئی گہماگہمی نظر نہیں آتی، اشتہارات وغیرہ بھی بہت کم ہیں۔ چیئرمین محسن نقوی نے بھی اس سے اتفاق کرتے ہوئے آفیشلز سے وجہ دریافت کی تو انہیں بتایا گیا کہ مینجمنٹ کمیٹی نے آخری میٹنگ میں ایڈورٹائزنگ بجٹ کم کر دیا تھا،اسی وجہ سے دیکھ بھال کر اخراجات کر رہے ہیں۔ چیئرمین نے تشہیری بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ’’اب کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے، جتنے دن باقی ہیں ان میں ہی کرکٹ کا زبردست ماحول بنائیں، بینرز و بڑے بورڈز وغیرہ لگائیں، میڈیا پر تشہیر کریں تاکہ لیگ کی بھرپور ہائپ بن سکے‘‘۔ میٹنگ میں پاکستان کی میزبانی میں آئندہ سال ہونے والی چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں ایونٹ کے بہترین انتظامات کرنے ہیں تاکہ کوئی ہم پر انگلی نہ اٹھا سکے، وینیوز سمیت تمام معاملات پر جلد مزید بات کریں گے۔ دوسری جانب چیئرمین کو پی سی بی ہیڈ آفس میں اپنا کمرہ پسند نہیں آیا۔ذرائع کے مطابق بہتری کیلئے سپیشل ڈیزائنر کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، تزئین و آرائش کا کام شروع بھی کر دیا گیا ہے۔