بوسیدہ سیوریج لائن،جوہر ٹاؤن مین بلیو ارڈ پر ایک اور شگاف پڑ گیا

02-14-2024

(لاہور نیوز) بوسیدہ سیوریج لائن پر کراؤن فیل ہونے سے جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ پر ایک اور شگاف پڑ گیا۔

شہر کی اہم شاہراہ مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر ایک اور شگاف پڑگیا، 5 سال میں جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ سے گزرنے والی سیوریج لائن پر یہ 12واں شگاف ہے، بوسیدہ سیوریج لائن پر کراؤن فیل ہونے کے سبب شگاف پڑنے کا واقعہ  رونما ہوا ہے۔  واسا نے سیوریج لائن تبدیل کرنے کے بجائے ماضی کی  طرح  مٹی پاؤ پالیسی پر عمل کیا، سیوریج لائن کی مرمت کرنے کے بعد دوبارہ مٹی ڈال کر معاملہ دبا دیا، سڑک تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر ٹریفک روانی متاثر ہورہی ہے۔ ماضی میں  واسا کا سیوریج لائن بچھانے کا بڑا منصوبہ پنجاب حکومت نے ڈراپ کر دیا، بجٹ میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لئے فنڈز رکھے گئے اور نہ ہی شگاف زدہ جوہر ٹاؤن کی مرکزی سیوریج لائن کا کوئی منصوبہ بجٹ میں شامل کیا گیا۔ واسا نے خیابان فردوسی کے نیچے سے گزرنے والی سیوریج لائن کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، فنڈز کے حصول کے لیے سمری نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی جس میں  ایک ارب 59 کروڑ روپے کے فنڈز کی استدعا کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت اللہ ہو گول چکر سے شوکت خانم تک سیوریج لائن جزوی طور پر تبدیل ہو گی، سیوریج لائن کی تبدیلی واسا اور سڑک کی تعمیر کی ذمہ داری  ایل ڈی اے  کی ہو گی،سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام واسا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔