آئی ایم ایف کیساتھ نئے قرض پروگرام کے معاہدے کا امکان
02-14-2024
(ویب ڈیسک) حکومت کا موجودہ قرض پروگرام ختم ہونے کے ساتھ آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام کے معاہدے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کیلئے آئی ایم ایف وزارت خزانہ کو تجاویز دے گا جبکہ آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی 3 سال کیلئے سائن کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کیلئے مذاکرات دوسرے اقتصادی جائزہ کے ساتھ ہوں گے، آئی ایم ایف کےاس معاہدے میں 6 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام سائن کیا جا سکتا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نئے قرض پروگرام سے قبل آئی ایم ایف کو تمام شرائط پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی جائے گی، پروگرام کے تحت بجلی، گیس مہنگی اور سبسڈیز پر مزید کٹوتی کی جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ نے مزید بتایا ہے کہ نیا قرض پروگرام موجودہ سٹینڈ بائی ارینج منٹ معاہدہ سے زیادہ مشکل شرائط پر مبنی ہو گا۔