بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایمل ولی کی درخواست غیر موثر قرار
02-14-2024
(لاہور نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے سربراہ اے این پی ایمل ولی کی بانی پی ٹی آئی کے خلاف درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔
پشاور ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ میں شامل جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد نے سربراہ اے این پی ایمل ولی خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ ضمنی انتخابات میں بانی پی ٹی آئی نے7حلقوں سے الیکشن لڑا لیکن کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی گئی۔ وکلا درخواست گزار نے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی نے کاغذات نامزدگی میں توشہ خانہ تحائف کا ذکر بھی نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کو مذکورہ حلقوں سے نااہل قرار دیا جائے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی رہی نہ بانی پی ٹی آئی اب ممبر رہے اس لئے درخواست اب قابل سماعت نہیں۔ بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے ایمل ولی خان کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر کیس نمٹا دیا۔