نگران حکومت نے رمضان پیکج کا اعلان کر دیا

02-14-2024

(ویب ڈیسک) نگران حکومت نے ماہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ پر 7 ارب 49 کروڑ 27 لاکھ روپے کی سبسڈی کا اعلان کر دیا۔

نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران رمضان پیکج کی منظوری دیدی گئی ۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں درآمدی یوریا کھاد پر وفاق کے حصے کی سبسڈی کی رقم بھی منظورکی گئی،وفاق اورصوبے درآمدی یوریا پر50،50 فیصد شئیرنگ کے لحاظ سے سبسڈی دیں گے۔ای سی سی اجلاس میں ادارہ شماریات نے مہنگائی کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی۔ رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر مستحق افراد کو سستی اشیاء ضروریہ ملیں گی، بی آئی ایس پی کےٹارگٹڈ مستحقین کو 7 ارب 49 کروڑ سے زائد کی سبسڈی دی جائے گی، ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم کے تحت گندم کی درآمد اور آٹا برآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ای سی سی نے متعلقہ وزارتوں کو ویلیو ایڈڈ برآمدات بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت کی ۔ ای سی سی کے اجلاس میں مختلف شعبوں کی تجاویز پر انفرادی کسٹمز ٹیرف ریشنلائزیشن کی بھی منظوری دیدی گئی ، ای سی سی کا کہنا تھا کہ کسٹمز ڈیوٹیوں کی شرح میں ردوبدل ٹریڈ پالیسی کے مطابق ہونی چاہیے۔ اجلاس میں درآمدی یوریا پر سبسڈی کی ادائیگی کی خاطر وزارت تجارت کیلئے6 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی ۔ ای سی سی نے کہا کہ  صوبائی حکومتیں درآمدی یوریا پر سبسڈی کی مد میں اپنے حصے کے بقایاجات ادا کریں۔ اجلاس میں 1263 میگاواٹ پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ جھنگ کی کمیشننگ کی بھی منظوری  دیدی گئی ۔