سیف الملوک کھوکھر کیخلاف پولیس اہلکاروں پر تشدد کے کیس میں پراسیکیوشن سے دلائل طلب

02-13-2024

(لاہور نیوز) لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کے خلاف پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پراسیکیوشن سے 21 فروری کو دلائل طلب کر لئے گئے۔

پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمن جج محمد نوید اقبال نے سماعت کی۔ لیگی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر ، ملک افضل کھوکھر ، شفیع کھوکھر اور عرفان شفیع کھوکھر سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ملزمان کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم نے بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کر رکھے ہیں لیکن پراسیکیوشن اس میں تاخیر کر رہی ہے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو 21 فروری کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔ لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ وفاق میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مل کر حکومت بنائیں گے، آزاد امیدوار بھی شامل ہوں گے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن پولیس نے 2018ء میں مقدمہ درج کیا تھا۔