مہنگائی کی لہر برقرار ، فارمی انڈوں کی قیمت میں پھر تیزی
02-13-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی کی لہر برقرار ہے۔ فارمی انڈوں کی قیمت میں پھر تیزی آ گئی۔ برائلر سستا ہونے کے بعد بھی غریب کی پہنچ سے باہر ہے۔
مہنگائی نے شہر میں مستقل ڈیرے ڈال لئے۔ پولٹری مصنوعات بدستور پہنچ سے دور ہیں۔ سستے ہوتے انڈے پھر مہنگے ہونے لگے۔ فارمی انڈے مزید 2 روپے اضافے سے 262 روپے فی درجن ہو گئے۔ پرچون میں ایک انڈہ 30 روپے میں مل رہا ہے۔ برائلر گوشت 15 روپے کمی کے بعد بھی 587 روپے فی کلو ہے۔ ہول سیل میں زندہ برائلر کی فی کلو قیمت 390 اور پرچون میں 405 روپے مقرر ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 6 سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر 120 ، ادرک تھائی لینڈ 650 روپے فی کلو، سبز مرچ 250 ، آلو 70 ، بینگن 150 ، گھیا کدو 180 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ پھلوں میں کیلے درجہ اول 200 اور درجہ دوم 150 روپے فی درجن ہیں۔ انار بدانہ 950 ، امرود 160 روپے فی کلو جبکہ کینو 350 روپے فی درجن مل رہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں اس ہوشربا مہنگائی میں خریداری آسان نہیں رہی۔ مہنگائی ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکی ہے۔ مارکیٹ میں گرانفروشی کا سلسلہ بھی نہ رک سکا ۔ دکاندار اشیائے ضروریہ کے من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔