عدالت نے ایف آئی اے کو علیمہ خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا
02-13-2024
(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو ایف آئی اے کے نوٹسز کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ علیمہ خان کے وکیل شیراز رانجھا نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کے پاس کوئی ایسا مواد موجود نہیں جو سائبر کرائم کی بنیاد ہو، علیمہ خان کے خلاف جاری انکوائری یا شکایت کو خارج کیا جائے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پہلے رپورٹ منگوا لیتے ہیں دیکھتے ہیں انکوائری ہے بھی یا صرف شکایت ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے آج ہی علیمہ خان کے خلاف انکوائری یا شکایت کی تفصیلات فراہم کرے۔ دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے میں کوئی شکایت یا انکوائری ہے تو اسکی رپورٹ علیمہ خان کو فراہم کی جائے، ایف آئی اے علیمہ خان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی بھی نہ کرے۔ بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے علیمہ خان کے وکیل سے کہا کہ آپ کو رپورٹ کی کاپی مل جائے تو اپنا جواب ایف آئی اے کو جمع کروا دیں۔