امید سے ہونے کی خبریں:ماہرہ خان کی بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی تردید

02-13-2024

(ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان نے دوسرے بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی تردید کردی۔

گزشتہ دنوں  بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ ماہرہ خان امید سے ہیں، ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش رواں سال اگست یا ستمبر میں متوقع ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ماہرہ خان حاملہ ہونے کی وجہ سے او ٹی ٹی سیریز "جو بچے سنگ سمیٹ لو" سمیت دیگر بڑے پراجیکٹس سے دستبردار ہوگئی ہیں۔ اب ماہرہ خان کی جانب سے بھارتی میڈیا کے ان تمام دعوؤں کو مسترد کردیا گیا ہے۔ ماہرہ نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو وہ ماں بننے والی ہیں اور نہ ہی وہ کسی او ٹی ٹی سیریز سے دستبردار ہوئی ہیں، جس کے بعد اب ان کی یہ تردیدی خبر بھی سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہوگئی۔ واضح رہے کہ پہلے شوہر علی عسکری سے علیحدگی کے کئی سال بعد اداکارہ ماہرہ خان گزشتہ سال اکتوبر 2023 میں اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔