معروف ہدایتکار اور ٹی وی میزبان ضیا محی الدین کی آج پہلی برسی

02-13-2024

(لاہور نیوز) ممتاز اداکار، معروف ہدایت کار اور ٹی وی میزبان ضیا محی الدین کی آج پہلی برسی منائی جارہی ہے۔

ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے،انہوں نے ریڈیو آسٹریلیا سے صداکاری کے کام کاآغاز کیا، بہت عرصے تک برطانیہ کےتھیٹر کے لیے کام کیا، پرفارمنگ آرٹس گویا ضیا محی الدین کے مزاج کا نمایاں ترین پہلو رہا۔ نوحہ اور مرثیہ خواں کے طور پر ان کی ایک الگ ہی پہچان رہی، ذاتی زندگی میں بھی وہ ہمیشہ خوش رو، خوش خط اور خوش مزاج نظر آئے۔ ضیا محی الدین نے برطانوی سینما اور ہالی ووڈ میں بھی فن کے جوہر دکھائے، 50 کی دہائی میں لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔ انہوں نے اپنا زیادہ تر وقت برطانیہ میں تھیٹر کے لیے وقف کیا، ضیامحی الدین کو 1962 میں فلم لارنس آف عریبیہ میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے یادگار کردار ادا کیا۔ ضیا محی الدین نے"ضیا محی الدین شو" کے نام سے ایک سٹیج پروگرام کی میزبانی بھی کی، حکومت نے مرحوم کو 2012 میں ہلال امتیازسے بھی نوازا۔ عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیا محی الدین 13فروری 2023 کوکراچی میں91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔