ووٹ کی عزت کی بات کرنیوالے بے توقیری سے حکومت بنانا چاہتے ہیں: سلمان اکرم راجہ
02-12-2024
(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جو ووٹ کی عزت کی بات کرتے تھے وہ آج ووٹ کی بے توقیری اور بے عزتی سے حکومت بنانا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میری جیت کو اگلے دن شکست میں تبدیل کر دیا گیا، مجھے آر او آفس سے گریبان پکڑ کر نکال دیا گیا، یہ ان لاکھوں لوگوں کی توہین ہے جنہوں نے ووٹ ڈالا، فارم 45 کے مطابق بڑے مارجن سے جیت رہا تھا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا تقاضا کیا ہے کہ دکھائیں ایک لاکھ کی لیڈ کو کس طرح 12 ہزار میں تبدیل کر دیا گیا، انتخابات میں دھاندلی ہوئی ،یہ بھی پتہ ہے کہ کیسے ہوئی، میں این اے 128 کا الیکشن 90 ہزار کی لیڈ سے جیت چکا ہوں، 8 فروری کو انٹرنیٹ بند ہوا، موبائل فون کے ڈیٹا پیکج کو بند کیا گیا، انٹرنیٹ اور فون سروس بند کرکے جھگڑا پیدا کیا گیا، ہم ہر دروازے پر دستک دیں گے، قانونی راستہ اپنائیں گے۔ سلمان اکرم نے کہا کہ آر اوز کا کردار انتہائی افسوسناک ہے، آئندہ کا لائحہ عمل پرامن احتجاج ہی ہو گا، اگر کوئی جھوٹ پر مبنی حکومت بنا بھی لے گا تو ملک اور عوام کیلئے کیا کر لے گا؟