وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا : مریم اورنگزیب

02-12-2024

(ویب ڈیسک) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی کے سینیئر رہنما خواجہ محمد آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے، پارٹی واضح کرنا چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا، اتحادیوں اور سیاسی مشاورت کے نتیجے میں یہ نام متفقہ طور پر طے کیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے مکمل ہونے پر میڈیا کے ذریعے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔