پاکستان سمیت دنیا بھر میں مرگی کے مرض سے آگاہی کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

02-12-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مرگی کے مرض سے آگاہی کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔

ہر برس ماہ فروری کے دوسرے پیر کو اس دن کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر عوام الناس میں مرگی کے مرض سے آگاہی، اس کے علاج اور بچاؤ کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس دن کے حوالے سے ملک بھر میں محکمہ صحت کے زیر انتظام تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق مرگی ایک دماغی بیماری ہے جو دماغ میں برقی انتشار پیدا ہونے کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں تقریباً 5 کروڑ افراد مرگی کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے باعث عالمی سطح پر مرگی، بڑی اعصابی بیماریوں میں سے ایک ہے۔  اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی طور پر مرگی کے مرض کی تشخیص مریض کو بغیر کسی خاص وجہ کے ہونے والے کم از کم 2 دوروں سے ہوتی ہے۔ بروقت تشخیص اور علاج کی صورت میں مرگی کے شکار تقریباً 70 فیصد افراد کو اس بیماری سے بچایا جا سکتا ہے۔