محمد عامر اور سہیل خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے سود مند ثابت ہوں گے ، سرفراز احمد
02-12-2024
(ویب ڈیسک) سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کا کہنا ہے محمد عامر اور سہیل خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا محمد عامر اور سہیل خان ہمارے اہم ہتھیار ہوں گے، دونوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے سود مند ثابت ہوں گے، محمد عامر نے 2 سال میں جہاں بھی لیگ کھیلی وہ ٹیم ٹاپ کر رہی ہے، محمد عامر اور سہیل خان نئی اور پرانی گیند کروانے کے ماہر ہیں، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے لئے غیرملکی کھلاڑی میچز شروع ہونے سے پہلے آجائیں تو اچھا ہے۔ انہوں نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی بننے پر مبارکباد بھی دی اور کہا نگران وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے محسن نقوی نے بہترین کام کئے۔ انڈر 19 ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں زبردست پرفارمنس دکھائی، سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف آخری لمحات میں ان سائیڈ ایج سے چوکا ہونا کھیل کا حصہ ہے، وہاں حریف کھلاڑی بولڈ بھی ہو سکتا تھا، انڈر 19 لیول پر سیریز کم ہوتی ہیں، ان کے میچز زیادہ ہوں تو کھلاڑی مزید نکھر کر سامنے آ سکیں گے۔