شہر پھرسموگ کے نرغے میں، لاہور کا فضائی آلودگی میں پہلا نمبر

02-12-2024

(لاہور نیوز) شہر میں آلودگی نے ایک بار پھر سے سر اٹھانا شروع کر دیا، فضائی آلودگی کی فہرست میں لاہور دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا۔

 شہر میں سموگ کی اوسط شرح 312 ریکارڈ کی گئی ہے، ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 430، مال روڈ کا اے کیو آئی 413 جبکہ کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 312 ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام تر اقدامات بے سود گئے، سمارٹ لاک ڈاؤن ،سموگ ایمرجنسی ،مصنوعی بارش کے باوجود فضائی آلودگی پر قابو نہ پایا جاسکا۔ طبی ماہرین نے سموگ سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو ماسک اور عینک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ  ہو گا۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں آج سورج نکلنے کے امکانات کم ہیں، ہوا کی رفتار 3کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب86فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں آئندہ تین روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں۔