ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق

02-11-2024

(لاہور نیوز) حکومت سازی کے لیے شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ آصف زرداری اور بلاول سے ملاقات کی ، دونوں جماعتوں میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق طے پاگیا۔

صدر پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں نے صورتحال پر مشاورت کی اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا، پیپلزپارٹی کی قیادت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے۔ لیگی قائدین نےکہا کہ عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شیزا فاطمہ شامل تھیں۔