الیکشن ختم، شہر کی مرکزی شاہراہوں پر اشتہارات اتارنے کیلئے آپریشن کلین اپ
02-11-2024
(لاہور نیوز) الیکشن کی گہما گہمی ختم ہونے کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہوں پرلگے امیدواروں کے اشتہارات اتارنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا آپریشن کلین اپ جاری ہے۔
پہلے مرحلے میں لاہور کی مرکزی شاہراہوں سے بینرز اور سٹیمرز اتارنے کا آغاز ہوا، پی ایچ اے نے اب تک لاہور کی مرکزی شاہراہوں سے 27 ہزار سٹیمرز اتار لیے جبکہ 10 ہزار بینرز کا بھی صفایا کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مال روڈ، جیل روڈ ، گلبرگ مین بلیوارڈ اور لبرٹی سے بینرز اور سٹیمرز اتار لئے گئے، خیابان جناح ،خیابان امین، پی آئی اے روڈ، نظریہ پاکستان روڈ پر سے بھی اشتہاری مواد ہٹا دیا گیا ۔ اتارے گئے سٹیمرز اور بینرز کو پی ایچ اے کے سٹورز میں جمع کیا جارہا ہے جس کے بعد اشتہار کے ذریعے اسے نیلام کیا جائے گا۔ دوسری جانب مرکزی شاہراہوں کو تو کلیئر کر دیا گیا مگر گلی محلوں میں ابھی بینرز اور سٹیمرز موجود ہیں، کلین اپ آپریشن مزید دو روز جاری رہے گا۔