محسن نقوی کی ہدایت پر ایمپرس روڈ سے مزار بی بی پاکدامن تک نئے راستے کی تعمیر کا کام تیز

02-11-2024

(لاہور نیوز) مزار بی بی پاکدامن کے زائرین کی سہولت کیلئے ایمپرس روڈ سے نیا راستہ بنے گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ایمپرس روڈ سے مزار بی بی پاکدامن تک نئے راستے کی تعمیر کا کام تیز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پراجیکٹ کا دورہ کیا اور مزار بی بی پاکدامن کو ایمپرس روڈ سے منسلک کرنے والی سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئی سڑک کی تعمیر کے ساتھ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مخصوص جگہ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمپرس روڈ سے مزار تک تعمیراتی سرگرمیوں اور راستے میں حائل عمارتوں کے سٹرکچر کو ہٹانے کے کام کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے باقی ماندہ سٹرکچر کو جلد از جلد ہٹانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ سٹرکچر ہٹانے کے ساتھ سڑک کی تعمیر کے کام کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جائے، ایمپرس روڈ تک 20فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر سے زائرین کو مزار تک آسان رسائی حاصل ہو گی، زائرین کی آسانی کیلئے گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے زیادہ گنجائش رکھی جارہی ہے۔  سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ محکمہ تعمیرات ومواصلات،ایل ڈی اے،انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور انتظامی افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔