امید ہے محمد عامر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے سود مند ثابت ہونگے: سرفراز احمد

02-11-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں عامر نے جہاں بھی کرکٹ کھیلی وہ ٹیم ٹاپ کر رہی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر اور سہیل خان نئے اور  پرانے گیند سے بولنگ کرنے کے ماہر ہیں، امید ہے محمد عامر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔  انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے اوورسیز پلیئرز میچز شروع ہونے سے قبل آجائیں تو اچھا ہے تاکہ ٹیم کامبینیشن بنانے میں آسانی رہے، یقیناً پی ایس ایل کی مینجمنٹ پلیئرز کی جلد دستیابی کی کوشش کر رہی ہوگی۔ سرفراز احمد نے محسن نقوی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں کیئر ٹیکر پنجاب کی حیثیت سے بہترین کام سرانجام دیے ہیں، امید ہے کہ وہ کرکٹ میں بھی بہتری لیکر آئیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے انڈر 19 ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈکپ میں تھرو آؤٹ زبردست پرفارمنس دکھائی، سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف آخری لمحات میں ان سائیڈ ایج سے چوکا ہونا کھیل کا حصہ ہے، وہاں حریف کھلاڑی بولڈ بھی ہو سکتا تھا۔ انہوں نے مزید  کہا کہ انڈر 19 لیول پر سیریز کم ہوتی ہیں، ان کے میچز زیادہ ہوں تو کھلاڑی مزید نکھر کر سامنے آسکیں گے، ٹیسٹ کرکٹ کا کوئی نعم البدل نہیں،  کرکٹ کا کوئی بھی فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ سے اچھا نہیں ہے۔