وفاق، کے پی کے اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے: بیرسٹر گوہر

02-10-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اکثریت ہمارے پاس ہے، پاکستان تحریک انصاف وفاق میں اور کے پی کے میں حکومت بنائے گی اور پنجاب میں بھی ہم انشااللہ حکومت بنائیں گے، ہم تقریبا اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن پُرامن ہوئے، ووٹنگ کا عمل پانچ بجے مکمل ہو گیا تھا لیکن الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فریضے سے پہلے بھی ناکام ہو چکا تھا اور آخری مرحلے میں بھی الیکشن کمیشن فیل ہو گیا ،پاکستان تحریک انصاف کو جیتی ہوئی سیٹوں پر ہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی، 94 قومی اسمبلی کی ہیں جو الیکشن کمیشن نے فیصلے جاری کئے ہیں، کے پی کے میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت آ چکی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، اس کے علاوہ کل خود ساختہ پرائم منسٹر نے جو اعلان کیا ہے اس بیان کی ہم مذمت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے لئے کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے اور رزلٹ جلد سے جلد جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں گزارش کرتا ہوں الیکشن کمیشن اور پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ سے کہ جمہوریت کا حسن یہی ہوتا ہے، لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندے کو منتخب کریں، عوام نے بائیکاٹ نہ کرتے ہوئے اپنی رائے کا استعمال کیا، عوام کی آواز کو دبانا اور اپنی مرضی کی حکومت بنانے کا عمل اکانومی برداشت نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حکومت بنائیں گے، یہ پہلی بار ہو گا کہ پاکستان کی عوام نے لیڈر شپ کے جیلوں میں ہوتے ہوئے بھی انہیں جتایا ہے ، ہماری کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں ہے، یہ ہمارا ملک ہے۔