کیا پی سی بی کے خزانوں میں اربوں کا اضافہ متوقع ہے؟بڑی خبر سامنے آگئی

02-10-2024

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے میں اربوں روپے بڑھنے کا وقت قریب آ گیا۔

حکومت نے ذکا اشرف کی زیرسربراہی مینجمنٹ کمیٹی کو بڑے فیصلوں سے روک دیا تھا، اس وجہ سے سوائے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دیگر رائٹس فروخت نہ ہو سکے، اب محسن نقوی کے چیئرمین بننے پر آئندہ چند روز میں اربوں روپے کے ٹینڈرز سامنے آنے والے ہیں۔باہمی سیریز کے براڈ کاسٹ اور پروڈکشن رائٹس فروخت کیے جائیں گے، کھلاڑیوں کی شرٹس  پر اسپانسر اداروں  کے لوگو کا معاہدہ بھی رواں ماہ ختم ہو جائے گا،اس کا بھی ٹینڈر جلد جاری ہوگا،2 سال کیلیے لائیو اسٹرئمنگ رائٹس فروخت کیلیے پیش کیے جائیں گے۔   سابقہ ڈیل کی مناسبت اور افراط زر کو مدنظر رکھتے ہوئے 2سالہ براڈ کاسٹ ڈیل سے 6 ارب روپے تک ملنے کا امکان ہے،ہر میچ کی لائیو اسٹریمنگ پر80 لاکھ روپے تک مل سکتے ہیں، 2 سال کیلیے سیریز اسپانسر شپ ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت ہونے کی توقع ہے، کٹ اسپانسر شپ کے سالانہ 60 کروڑ روپے مل سکتے ہیں،اس میں کھلاڑیوں کا بھی بڑا حصہ ہوتا ہے،2 سالہ پروڈکشن رائٹس کے تقریبا 6 سے 7 ملین ڈالر بنتے ہیں۔ یہ معاہدہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ فاتح کمپنی کو آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا کنٹریکٹ بھی مل سکتا ہے، ٹی وی کٹ کے اخراجات کم ہونے کی وجہ سے عموما مقامی کمپنی کو ہی ترجیح دی جاتی ہے،نیوزی لینڈ سے سیریز قریب ہونے کی وجہ سے جلد ٹینڈرز جاری کیے جا سکتے ہیں۔ رپورٹ کےمطابق پی ایس ایل رائٹس کی فروخت میں شکایات سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے بعض افسران کو ٹینڈر کے عمل سے دور رکھنے کا امکان ہے، بورڈ خود بھی پروڈکشن کے حوالے سے تنازع سامنے آنے پراب محتاط رویہ اپنائے گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین محسن نقوی ہی کریں گے۔