ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات، پولنگ کا وقت ختم، گنتی شروع

02-08-2024

(لاہور نیوز) عام انتخابات 2024کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور بارہویں انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی پولنگ سٹیشنز کے باہر قطاریں لگ گئیں، کروڑوں افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات رہے۔ قومی اسمبلی کی 265 اور صوبائی اسمبلیوں کی 591 نشستوں پر امیدوار میدان میں اُترے تھے، قومی اسمبلی کے امیدواروں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 254 ہے، پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141، صوبائی اسمبلی کی 296 نشستوں پر امیدواروں نے سیاسی میدان میں قسمت آزمائی کی۔ سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر پولنگ ہوئی، خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 44 اور صوبائی اسمبلی کی 113 نشستوں پر امیدواروں میں مقابلہ ہوا، بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔