آج آزادی کا دن ہے، زیادہ سے زیادہ ووٹرز باہر نکلیں: بیرسٹر گوہر

02-08-2024

( ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اپنے حلقے این اے 10 میں ووٹ کاسٹ کر دیا۔

بیرسٹر گوہر نے اپنے آبائی حلقے این اے 10 میں ہائی سکول کلپانی ڈگر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا آج نازک دن ہے، عوام کو زیادہ سے زیادہ باہر نکلنا چاہیے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پولنگ اور گنتی کا عمل درست ہوگا تو جمہوری عمل مکمل ہوگا، انتظامیہ تعاون کرے، ووٹرز باہر نکلیں، آج آزادی کا دن ہے، آج کے دن کا پورا پاکستان انتظار کرتا رہا ہے۔ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ خان صاحب جس پر انگلی رکھیں گے، وہی پارٹی لیڈ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ بند ہونا مشکوک معاملہ ہے، انٹرنیٹ سروس بند کر دینے سے شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں، لوگوں کا جوش و خروش پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، پی ٹی آئی ورکرز تمام توجہ پولنگ اور نتائج پر مرکوز رکھیں۔